خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن آصف خان محسود اور ان کے ہمراہ گئے ہوئے افراد سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق تاحال ان کی صورتحال کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
جنوبی وزیرستان اپر سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی آصف خان محسود گزشتہ چند روز سے اپنے آبائی علاقے ‘بدر چالویشتائی’ میں رہائش پذیر تھے۔
مقامی ذرائع کے مطابق آج صبح وہ تحصیل لدھا کے علاقے تنگی بدین زائی میں روڈ کا معائنہ کرنے گئے تھے جس کے بعد سے ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم پی اے آصف خان محسود کے ساتھ جانے والے دیگر چند افراد کے موبائل نمبرز بھی مسلسل بند جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے محلِ وقوع یا خیریت کے بارے میں تصدیق کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل بھی یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ آصف خان محسود کو تحصیل کے علاقے ‘پٹویلائی’ سے مس-لح افراد نے اغو-ا کر لیا ہے تاہم بعد ازاں وہ خبریں بے بنیاد ثابت ہوئی تھیں اور تصدیق کی گئی تھی کہ آصف خان محسود بالکل محفوظ اور سلامت ہیں۔









