بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں بارش کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے الرٹ جاری کیا ہے کہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔

اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ این ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ان کے چند ماہ قبل تیار کیے گئے موسمی جائزے کے عین مطابق ہے اور انتظامیہ کو بروقت اقدامات کے لیے پہلے ہی مطلع کیا جا چکا ہے۔

موسمیاتی الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان،چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بادل گرجنے اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

سندھ میں کراچی، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور شہید بینظیر آباد جبکہ بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے گلیشیئر جھیلیں پھٹنے (گلاف) کا ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں تند و تیز ریلوں، اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو تمام حساس مقامات کی کڑی نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عام شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران پہاڑی اور شمالی علاقوں کی طرف غیر ضروری سفر سے مکمل پرہیز کریں اور نکلنے سے قبل راستوں کی تازہ صورتحال ضرور جان لیں۔