خیبر پختونخوا اسمبلی کے نئے مالی سال کے سالانہ اور رواں سال کے ضمنی بجٹ کے لیے اجلاس کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ 11 روزہ روڈ میپ کے مطابق بجٹ سیشن کا آغاز دوپہر دو بجے ہوگا جس میں صوبائی وزیر خزانہ نئے مالی سال کا سالانہ بجٹ اور فنانس بل ایوان میں پیش کریں گے۔
شیڈول کے تحت 20 اور 21 جون کو اسمبلی کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا جس کے بعد 22 سے 24 جون تک بجٹ پر عمومی بحث کی جائے گی۔ 25 اور 26 جون کو عاشورہ کی تعطیلات کے باعث اجلاس منعقد نہیں ہوگا۔
بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے میں 27 جون کو بجٹ پر عمومی بحث مکمل ہونے کے بعد سالانہ بجٹ کے مطالباتِ زر پر ووٹنگ ہوگی۔ 28 جون کو مطالباتِ زر اور فنانس بل کی منظوری کے ساتھ ساتھ مجاز اخراجات کے مستند شیڈول کی توثیق کی جائے گی۔
29 جون کو مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ پر عمومی بحث شیڈول ہے جبکہ 30 جون کو ضمنی بجٹ کے مطالبات زر پر ووٹنگ اور اس کے مجاز اخراجات کے مستند شیڈول کی توثیق کے ساتھ بجٹ کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔










