ضلع خیبر: باڑہ میں اراضی کے تنازع پر تصادم، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 2 شدید زخمی

خیبر کی تحصیل باڑہ میں زمین کے دیرینہ تنازع پر برقمبرخیل امن چوک کے قریب دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے اس تبادلے میں دونوں جانب جانی نقصان ہوا ہے جس میں فریقِ اول سے فرہاد نامی شخص گولیوں کا نشانہ بن کر دم توڑ گیا جبکہ دوسرے فریق سے ایک خاتون زوجہ اصغر اور نوجوان آفتاب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعے میں اصغر اور ان کی بیٹی شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں پہلے قریبی ڈوگرہ ہسپتال پہنچایا گیا اور بعد میں حالت تشویشناک ہونے کے باعث پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے جبکہ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی اور خوف کا ماحول پایا جاتا ہے۔