اسسٹنٹ کمشنر لدھا(جنوبی وزیرستان اپر)شادمان صافی سمیت متعدد افسران کے تبادلے

خیبر پختونخوا حکومت نے بڑے پیمانے پر صوبائی مینجمنٹ سروس کے گریڈ 17 کے افسران کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے نوٹیفیکیشن کے مطابق گوہر علی کو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر قبائلی سب ڈویژن لکی مروت سے تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر لکی مروت جبکہ آفتاب احمدکو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تیراہ خیبر سے اسسٹنٹ کمشنر بایزئی مہمند مقرر کیا گیا ہے۔

ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر نور شیر کو اسسٹنٹ کمشنر شیرنگل دیر اپر تعینات کیا گیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چارباغ سوات منیر احمد خان کو ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کی جگہ سلطان نور الدین احمر کو اسسٹنٹ کمشنر چارباغ سوات لگایا گیا ہے۔

تبادلو ں کے اس سلسلے میں محمد شادمان صافی کو اسسٹنٹ کمشنر لدھا اپر ساؤتھ وزیرستان سے تبدیل کر کے اسسٹنٹ کمشنر لال قلعہ دیر لوئر جبکہ باقر علی کو اسسٹنٹ کمشنر لال قلعہ دیر لوئر سے سیکشن آفیسر اریگیشن ڈیپارٹمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

شاہ نوید کو سیکریٹری ڈسٹرکٹ پبلک سیفٹی کمیشن صوابی سے تبدیل کر کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو دیر اپر جبکہ فرہاد اللہ کو اسسٹنٹ ٹو کمشنر ریونیو کوہاٹ ڈویژن سے تبدیل کر کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II ادینزئی چکدرہ دیر لوئر تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح ہیومن ریسورس مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر افسر محمد اسامہ کو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-II ایبٹ آباد مقرر کیا گیا ہے جبکہ وہاں تعینات سمیرا محسود کو تبدیل کر کے سیکشن آفیسر انرجی اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ لگا دیا گیا ہے۔

ریلیف اور بحالی ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن آفیسر شہزاد احمد عباسی کی خدمات بھی تبدیل کر دی گئی ہیں جبکہ ذیشان اقبال کو ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر رود کوہی ڈی آئی خان سے تبدیل کر کے سیکشن آفیسر ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ اور محمد اشفاق عالم کو ان کی جگہ ڈی آئی خان میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

محمد شادمان صافی کی لدھا سے منتقلی کے بعد انتظامی امور چلانے کے لیے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لدھا سعد اللہ کو اگلے احکامات تک اسسٹنٹ کمشنر لدھا اپر ساؤتھ وزیرستان کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا ہے۔