کرم: آئی ڈی پیز کے مکان پر مبینہ ڈرون حملہ، ماں بیٹے سمیت 4 افراد جاں بحق، 8 زخمی

ضلع کرم کے علاقے سنٹرل کرم کے موضع وراستہ میں ایک مکان پر مبینہ ڈرون حملے یا بھاری گولا گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے ماں اور بیٹے سمیت چار افراد جاں بحق اور آٹھ افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق اس المناک واقعے کا شکار ہونے والا خاندان دراصل سنٹرل کرم کے علاقے علی شیر زئی عیسارک کا رہائشی تھا جو علاقے میں جاری آپریشن کے باعث بے گھر ہو کر بطور آئی ڈی پیز وراستہ میں عارضی طور پر مقیم تھا۔

پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ رات کے وقت اچانک ایک مبینہ گولا اس مکان پر آ گرا، جس کے نتیجے میں مکان کے سربراہ صحبت گل کی زوجہ سبیلہ، ان کا بیٹا عمر، رئیس کی بیٹی سیمہ اور اکبر کی دس سالہ معصوم بیٹی ثناء موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی قبائلیوں اور امدادی رضاکاروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا اور تمام جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں علیشہ زوجہ فضل عمر، کمالہ زوجہ فضل اکبر، ریشمہ دختر خان اکبر، صلاح الدین ولد فضل اکبر، شگفتہ دختر فضل اکبر، حنظلہ ولد فضل اکبر، محمد ولد محمد رئیس اور سمیرہ دختر صحبت گل شامل ہیں۔

طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین افراد کی حالت انتہائی تشویشناک تھی، جس کے باعث انہیں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام نے علاقے کی مجموعی صورتحال پر بتایا ہے کہ گزشتہ روز سے مقامی مسلح گروپ اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں اور فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور ان تازہ جھڑپوں کے دوران اب تک ایک خاتون سمیت مزید تین افراد جاں بحق اور چالیس کے قریب افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وراستہ میں آئی ڈی پیز کے گھر پر گرنے والے گولے کی نوعیت اور وجوہات کا تعین کرنے کے لیے باریک بینی سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔