خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ٹارگٹ کلنگ کے دو مختلف واقعات میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پہلا واقعہ سیدگی بکاخیل کے علاقے میں پیش آیا جہاں گھر کے باہر موجود پولیس اہلکار محمد روشان پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں محمد روشان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسرا واقعہ بنوں کی آزاد منڈی کے قریب اس وقت پیش آیا جب پولیس اہلکار مشکواۃ اللہ امیر بکاخیل تبلیغی مرکز میں شبِ جمعہ کے اجتماع سے واپس گھر جا رہے تھے۔ راستے میں نامعلوم شدت پسندوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
بنوں پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افسوسناک واقعات کے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کے ساتھ ساتھ متعلقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔









