یاسر محسود کے بھائی ملک ناصر محسود نےمعروف کرکٹر شاہد آفریدی کے بھائی طارق آفریدی کی جانب سے عائد کیے گئے تمام الزامات اور دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد، حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
علاقائی مشران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ناصر محسود نے کہا کہ طارق آفریدی مسلسل ایسے بیانات دے رہے ہیں جن کا حقیقت اور دستیاب شواہد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاندان کے پاس موجود تمام متعلقہ دستاویزات، شواہد اور ریکارڈ میڈیا کے سامنے پیش کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں کہ اصل حقائق کیا ہیں اور کون سچ بول رہا ہے۔
ملک ناصر محسود کا کہنا تھا کہ طارق آفریدی کی جانب سے پیش کیے گئے مؤقف میں متعدد تضادات موجود ہیں، جبکہ خاندان کے پاس موجود دستاویزی ثبوت ایک بالکل مختلف حقیقت بیان کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے طارق آفریدی کو حقائق کا سامنا کرنا چاہیے اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔
انہوں نے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی شفاف، غیر جانبدار اور فوری تحقیقات کی جائیں، طارق آفریدی کے دعوؤں اور خاندان کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور حقائق سامنے لا کر ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اہلِ خانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یاسر محسود کی بازیابی اور انصاف کے حصول کے لیے ان کی قانونی، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی اور وہ اپنے مؤقف کے دفاع کے لیے ہر قانونی فورم سے رجوع کریں گے۔
جرگے اور مشران نے بھی اس موقع پر اہلِ خانہ کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے معاملے کے فوری حل پر زور دیا ہے۔









