جنوبی وزیرستان، توئی خولہ میں روڈ کے معاملے پر دو گروپوں میں تصادم، 5 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خولہ کے علاقے گل کچ کے قریب دو مقامی گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایم پی اے عجب گل کی جانب سے منظور شدہ روڈ پر ملک آدم خان گروپ اور خیال کامرانی گروپ کے درمیان پیش آیا، جہاں دونوں جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں محمد عالم ولد نعمت، نعمت، اور سدو ولد اللہ نور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سدو خان کامرانی کے دو بیٹے بھی جابحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ اور مقامی عمائدین کی جانب سے عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ زخمیوں کی جانیں بچانے اور خون کے عطیات کے لیے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال وانا پہنچیں۔