شانگلہ اورکرم میں مکانات گرنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 9افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے اضلاع شانگلہ اور کرم میں کچے مکانات منہدم ہونے کے دو مختلف ابناک واقعات میں دو خواتین اور 7 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

شانگلہ میں پیش آنے والے واقعے میں ایک ہی خاندان کے 6 یتیم بہن بھائی ملبے تلے دب کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق شانگلہ کی تحصیل الپورئی میں گزشتہ رات ایک کچے مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود 6 بچے موقع پر ہی چل بسے جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی.

مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمی بچی کو ملبے سے نکالا۔جاں بحق بچوں کی عمریں 5 سے 14 سال کے درمیان ہیں جن کے والد کا کچھ عرصہ قبل انتقال ہو چکا تھا۔

دوسری جانب ضلع کرم کے علاقے صدہ میں بھی ایسا ہی افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک دو منزلہ کچا مکان اچانک گرنے سے گھر کے تمام افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو 1122 اور پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ملبے سے دو خواتین اور ایک بچے سمیت تین افراد کی لاشیں نکال کر تحصیل ہسپتال صدہ منتقل کر دی گئی ہیں۔