جنوبی وزیرستان لوئر: بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ کے خلاف قومی امن جرگہ کا انعقاد

سعید وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر کے ہیڈ کوارٹر وانا میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کے خلاف وزیرستان قومی امن جرگہ منعقد ہواجس میں قبائلی عمائدین، سیاسی قیادت، سول سوسائٹی اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جرگے سے رکن قومی اسمبلی زبیر وزیر، رکن صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر، تاج وزیر، شہزادہ وزیر، ملک عزیز اللہ، مفتی جنا میر، امان اللہ، ممتاز اور ملک گل محمد وزیر سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

جرگے کے شرکاء نے خطے میں امن و امان کی سنگین صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وانا اور جنوبی وزیرستان لوئر میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نے عوام کی روزمرہ زندگی مفلوج کر دی ہے۔ بدامنی کی اس لہر کے باعث تاجروں، طلبہ اور عام شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے جبکہ خطے میں کاروباری اور معاشی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

جرگے میں یہ تجویز سامنے آئی کہ علاقے میں پائیدار امن کے فروغ اور عوامی اتفاقِ رائے کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور قبائلی عمائدین سے گھر گھر جا کر ملاقاتیں کی جائیں گی۔ ان مشاورتی ملاقاتوں کا مقصد تمام طبقات کو اعتماد میں لے کر ایک ایسا متفقہ اور قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنا ہے جس سے خطے کو دوبارہ امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔

مقررین نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام تک مشاورتی نشستوں کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

جرگے کے اختتام پر عوامی مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور آئندہ کی حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے متفقہ طور پر 10 جون کو دوسرا بڑا وزیرستان قومی امن جرگہ طلب کرنے کا اعلان کیا گیاجس میں تمام عوامی تجاویز پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں