ضلع خیبرکی تحصیل تیراہ کے دور افتادہ علاقے راجگال کوکی خیل میں سڑک کی تعمیر پر کام کرنے والے چار مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ افراد معمول کے مطابق تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ مسلح افراد انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے کر نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہو گئے۔
اغوا ہونے والوں میں ایکسیویٹر آپریٹر حلیم شاہ، جنت خان، احسان اللہ (جن کا تعلق ژوب، بلوچستان سے ہے) اور خان نامی ایک مزدور شامل ہیں۔
واقعے کے بعد ایک شدت پسند تنظیم نے ان افراد کو تحویل میں لینے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے تاہم مغویوں کی موجودہ حالت اور مقام کے حوالے سے تاحال کوئی مستند معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
سیکیورٹی اداروں اور مقامی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مغویوں کی بازیابی کے لیے تلاش کا عمل شروع کر دیا ہے۔
دوسری جانب مقامی عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وادی تیراہ کے دور افتادہ علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے عملے کو مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے، تاکہ عدم تحفظ کے باعث ترقیاتی کام متاثر نہ ہوں۔









