ڈیرہ اسماعیل خان: درازندہ میں مبینہ طور پر زہریلا حلوہ کھانے سے 3 مزدور جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں مبینہ طور پر زہریلا حلوہ کھانے سے ایک ہی خاندان کے تین نوجوان مزدور جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کی جانب سے فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ نوجوان گاؤں پلوسکی کے پہاڑی علاقے میں مزدوری کی غرض سے گئے ہوئے تھے۔ وہاں انہیں ایک مشتبہ حلوہ ملا جسے کھانے کے کچھ ہی دیر بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

زہریلے اثرات اس قدر شدید تھے کہ دو نوجوانوں نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ تیسرا نوجوان ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں زندگی کی بازی ہار گیا۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت شیران خان، فتح محمد اور نور محمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق حاجی جمال خان کرمیزئی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

یہ تینوں نوجوان آپس میں کزن تھے اور پہاڑ سے پتھر لانے کی مشقت طلب مزدوری کر کے اپنے خاندان کا پیٹ پالتے تھے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ زہریلا حلوہ وہاں کیسے پہنچا اور اس واقعے کے پیچھے کیا محرکات ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں