نور علی وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے علاقے دژہ غونڈئی میں مسلح افراد نے نوجوان کو اغوا کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مغوی کی شناخت امجد ولد شیر کے نام سے ہوئی ہے جو غواخوا کا رہائشی اور ایک ابھرتا ہوا کاروباری نوجوان ہے۔
بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے اسے ایک مقامی پٹرول پمپ سے زبردستی اغوا کیا اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مغوی کی بحالی اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب وانا میں اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر مقامی سماجی حلقوں اور اہل علاقہ نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف بدامنی پھیل رہی ہے بلکہ کاروباری طبقہ بھی خود کو غیر محفوظ تصور کر رہا ہے۔
اہل علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے اور شہریوں سمیت کاروباری افراد کے جان و مال کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔









