علی وزیر سکھر جیل سے رہا ہوگئے

پختون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر سندھ کی سکھر جیل سے رہا ہو گئے ہیں۔

علی وزیر کو 3 اگست 2024 کو اسلام آباد پولیس نے ایک ٹریفک حادثے کے بعد پمز اسپتال سے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انہیں ملک کے مختلف حصوں میں قانونی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

وہ مجموعی طور پر 21 ماہ تک ملک بھر کی مختلف جیلوں میں قید رہے، جہاں ان کے خلاف متعدد ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں اور انہیں کئی بار تھری ایم پی او (نقصِ امن کے قانون) کے تحت نظر بند بھی رکھا گیا۔

علی وزیر کی رہائی پر سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ علی وزیر 21 مہینے ملک بھر کی مختلف جیلوں میں بے گناہ قید رہے اور متعدد بیماریوں کے باوجود وہ حکومتی فاشزم کے مقابلے میں ثابت قدم رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ علی وزیر کی اس ہمت اور ثابت قدمی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں