شمالی وزیرستان: تحصیل شیواہ کا ہائی سکول شمع زان کوٹ ایک دفعہ پھر نشانہ بن گیا

شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ کے علاقے دروزندہ میں گزشتہ شب گورنمنٹ ہائی سکول شمع زان کوٹ پر مبینہ طور پر ڈرون یا میزائل حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت کا ایک بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ تعلیمی ادارہ گزشتہ کئی ماہ سے غیر فعال تھا اور اطلاعات ہیں کہ یہاں مسلح افراد نے ڈیرے ڈال رکھے تھے. رات گئے ہونے والے اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

گورنمنٹ ہائی سکول شمع زان کوٹ گزشتہ ایک سال سے مسلسل تنازعات اور حملوں کی زد میں رہا ہے۔ اس سے قبل، رواں برس 16 جنوری کو بھی نامعلوم افراد نے اسی اسکول کو نذرِ آتش کر دیا تھاجس کے دوران نہ صرف عمارت کو نقصان پہنچایا گیا بلکہ اسکول کا تمام فرنیچر اور آفس کا اہم ریکارڈ بھی شرپسند اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

اس اسکول سے جڑا تنازع مئی 2025 میں اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب مسلح افراد کے ایک گروپ نے اسکول میں داخل ہو کر اساتذہ اور طلبہ کو ڈرایا دھمکایا تھا۔

اس موقع پر ایک ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی تھی جس میں مسلح افراد کو تحصیل شیواہ کے تمام سرکاری اسکول بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ان مسلح افراد نے غیر مقامی اساتذہ کو فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ پیر کے روز سے لڑکوں اور لڑکیوں کے تمام سرکاری تعلیمی ادارے بند رہنے چاہئیں، تاہم نجی اسکولوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔

مقامی ذرائع نے بتایا تھا کہ ان کارروائیوں میں ملوث افراد کا تعلق مبینہ طور پر اسی علاقے سے ہے جنہوں نے اسکولوں کو نشانہ بنانے کے اقدام کو اپنے گھروں کی مسماری کے خلاف ایک ‘انتقامی کارروائی’ قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں