علی امین گنڈاپور کے بنگلے پر تعینات پولیس اہلکاروں کی تعداد سامنے آگئی

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع بنگلے کی سکیورٹی پر 77 اہلکار تعینات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان نے اعدادوشمار جاری کر دیئے۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق ان اہلکاروں میں پولیس اور دیگر سکیورٹی یونٹس کے دستے شامل ہیں جو سابق وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر سیکیورٹی کےفرائض انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا تھا کہ ان سے سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ انہیں رات گئے سکیورٹی ہٹانے کا پیغام ملا تھا جس کے بعد انہوں نے تمام اہلکاروں کو واپس رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے انہیں ایک جیمر اور ایک ڈبل کیبن گاڑی فراہم کی گئی تھی، جس کے ساتھ صرف 14 اہلکار تعینات تھے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈی آئی خان ایک حساس علاقہ ہے اور انہیں سکیورٹی تھریٹس بھی ہیں، تاہم اب اگر انہیں دوبارہ سکیورٹی فراہم کی گئی تو وہ اسے قبول نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں