اسلام آباد :ترلائی میں امام بارگاہ میں خود کش حملہ ،31 افراد جاں بحق ،169زخمی ہوگئے

اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں جمعہ کی نماز کے دوران امام بارگاہ میں ہونے والے بم دھماکے میں اب تک 31 افراد جاں بحق اور 169 زخمی ہو چکے ہیں۔

ڈی سی اسلام آباد نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج مختلف ہسپتالوں میں جاری ہے اور پمز، پولی کلینک اور سی ڈی اے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنرز کو زخمیوں کی دیکھ بھال کے لیے مختلف اسپتالوں میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ دھماکے کی جگہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مکمل طور پر سیل کر دی گئی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف ،وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں دھماکے کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے فوری تعین کی ہدایت دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

صدر زرداری نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

انہوں نے کہا کہ بےگناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں