ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے قریشی موڑ کے قریب ایک رہائشی مکان میں جاری شادی کی تقریب کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکہ جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے امن کمیٹی کے سربراہ نور عالم محسود کے گھر شادی کی تقریب کے دوران ہوا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوری بعد لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں وحید جگری، ایڈووکیٹ عبدالمجید لاگری، ٹھیکیدار رحمان اللہ، شہزاد عبدالائئ، عنایت اللہ اور چھوٹا وحید شامل ہیں۔
زخمیوں میں وارث خان، نور عالم محسود، توحید اللہ، رحمان خان، سہیل خان برکی اور نزید اللہ شامل ہیں جبکہ ایک زخمی کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا تاکہ واقعے کے ذمہ دار عناصر تک پہنچا جا سکے۔









