باجوڑمیں انسداد پولیو ٹیم پرفائرنگ،پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

باجوڑمیں انسداد پولیو ٹیم پرفائرنگ،پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق

باجوڑ میں کی تحصیل سلارزئی میں پولیوٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔

یہ واقعہ انسداد پولیو مہم کے دوران تحصیل سالارزئی کے علاقے تنگی میں پیش آیا۔

پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت سجاد کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار رفیق نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق پولیو مہم کو جاری رکھنے کے لیے سکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع باجوڑ کے علاقے تنگی میں پولیو ٹیم پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت اور قومی فریضے پر حملہ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور اس میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعلیٰ نے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور کیفر کردار تک پہنچانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔

سہیل آفریدی نے زور دیا کہ معصوم بچوں کے تحفظ کے لیے پولیو مہم کسی صورت متاثر نہیں ہونے دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں