خیبرپختونخوا میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای-ٹرانسفر پالیسی 2025 منظور

صوبائی کابینہ نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای-ٹرانسفر پالیسی 2025 کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی کے مطابق نئی پالیسی میرٹ اور شفافیت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو پارٹی کے بنیادی وژن سے ہم آہنگ ہے۔

سہیل آفریدی نے بتایا کہ اساتذہ کی سہولت اور نظام کو شفاف بنانے کے لیے ای-ٹرانسفر ناگزیر ہو چکی تھی، جس کے بعد اساتذہ تدریسی ذمہ داریوں پر زیادہ مؤثر انداز میں توجہ دے سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تبادلوں پر پابندی کے باوجود 400 سے زائد سفارشات موصول ہوئیں، تاہم کسی درخواست کو بھی اصولوں سے ہٹ کر منظور نہیں کیا گیا۔

منظور شدہ پالیسی میں اساتذہ کی موجودہ اسکول میں مدتِ تعیناتی، اسٹوڈنٹ-ٹیچر ریشو اور سالانہ کارکردگی کو بنیادی اشاریوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے جبکہ معذوری، بیوہ پن، علیحدگی اور میاں بیوی کی پوسٹنگ جیسے عوامل کو بھی مناسب وزن دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے دیگر محکموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ تبادلوں کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسی تیار کریں۔

ان کے مطابق صحت اور تعلیم حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اور ان شعبوں میں بہتری لائے بغیر مستقبل کو محفوظ نہیں بنایا جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں