دی میلینیم ایجوکیشن گروپ نے اپنی 15 سالہ روایت برقرار رکھتے ہوئے پاکستان کی سب سے بڑی اور بااثر تعلیمی کانفرنس ٹیچرز ڈیولپمنٹ کانفرنس 2025کا شاندار انعقاد 21 اور 22 نومبر 2025 کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں کیا۔
اس سال کانفرنس کا موضوع “FutureReady ، Cultivating Learner Agency” تھا، جس کا مقصد مستقبل کے تقاضوں کے مطابق طلبہ میں خودمختاری، ڈیجیٹل مہارت، تخلیقی سوچ، جستجو اور پراعتماد سیکھنے کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔
ملک بھر سے 2000 سے زائد اساتذہ اور تعلیمی ماہرین نے شرکت کی جبکہ مجموعی حاضری 6000 سے بڑھ گئی، جو کانفرنس کی اہمیت اور کامیابی کی واضح علامت ہے۔
کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی ماہرین نے خصوصی شرکت کی جن میں سفیر فارخ امیل، ڈاکٹر سیموئل رزق، عباس حسین، محمد عمر، عظمیٰ یوسف، پروفیسر ڈاکٹر یاسر اعجاز، تیمور خالد بندی، محبوب محمود، عمیر جلیوالا، نگار نذر اور شریں نقوی شامل تھے۔
اس کے علاوہ یواین ڈی پی ،اے سی سی اے،آئی بی کے نمائندوں نے بھی مختلف سیشنز میں حصہ لیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، روبوٹکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعلیمی شعبے پر اثرات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ’’مستقبل کا انحصار جدت پر ہے‘‘ اور دی میلینیم ایجوکیشن کی جانب سے نوجوانوں اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
یونیورسٹی آف لندن کی ڈین پیٹریشیا مک کیلار نے مستقبل شناس تعلیم، عالمی تعلیمی تعاون کی اہمیت پر گفتگو کی۔کانفرنس کے دوران Knowledge, STEM & EdTech Exhibition بھی منعقد کی گئی جس میں روبوٹکس، مصنوعی ذہانت پر مبنی تعلیمی آلات، سٹم سلوشنز، اسیسٹیو ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارمز اور جدید کلاس روم انوویشن پیش کیے گئے۔
شرکاء نے ان ٹیکنالوجیز کو مستقبل کی تعلیم کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
دو روزہ کانفرنس میں لرنر ایجنسی، کورس کریکشن، انٹرپرائز آف لرننگ، ڈیجیٹل مساوات اور مالی شمولیت، متبادل تشخیصی طریقہ کار اور ’’پڑھانے سے پہلے خود کی تربیت‘‘ جیسے اہم موضوعات پر مبنی سیشنز شامل تھے۔
کانفرنس کا مقبول ترین سیشن “دی گریٹ ڈیبیٹ” تھا، جس کی میزبانی ڈاکٹر فیصل مشتاق نے کی اور جس میں پروفیسر ڈاکٹر یاسر اعجاز اور پرویز عباسی نے ٹیکنالوجی کے اخلاقی استعمال، مستقبل کی مہارتوں، اور عالمی ڈیجیٹل ذمہ داری پر تفصیلی گفتگو کی۔
اختتامی تقریب کی مہمانِ خصوصی بانی چیئرپرسن روٹس اسکول سسٹم محترمہ رفعت مشتاق (اعزازِ فضیلت) تھیں، جنہوں نے اپنے چار دہائیوں پر مشتمل تعلیمی سفر پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر فیصل مشتاق نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’’ایک با مقصد عورت نسلوں کا مستقبل بدل سکتی ہے‘‘ اور مرحومہ ڈاکٹر خدیجہ مشتاق (تمغۂ امتیاز) کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ڈاکٹر فیصل مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے ٹیچرز ڈیولپمنٹ کانفرنس ملک کا سب سے بڑا اور معتبر تعلیمی فورم ہے جو تدریسی اختراع اور اساتذہ کی ترقی کے نئے معیارات قائم کر رہا ہے۔ کانفرنس 2025 اپنے مقاصد میں کامیاب ثابت ہوئی اور شرکاء مستقبل شناس تدریسی طرزِ عمل کے عزم کے ساتھ کانفرنس سے رخصت ہوئے۔









