خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں تمام میڈیکل تشخیصی ٹیسٹوں کے لیے یکساں فیسیں مقرر کر دی ہیں۔
محکمہ صحت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئے نرخ بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) سے لے کر ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتالوں تک بلا امتیاز لاگو ہوں گے۔
جاری کردہ فہرست میں 63 سے زائد ٹیسٹ شامل ہیں۔ نئے نرخوں کے تحت شوگر ٹیسٹ 65 روپے، ایچ بی اے ون سی 300 روپے، کولیسٹرول 100 روپے جبکہ ٹی ٹروپونین کی فیس 600 روپے رکھی گئی ہے۔
اسی طرح پی ایس اے ٹیسٹ کی قیمت 450 روپے اور یورین آر ای 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لیبارٹری ٹیسٹوں کے ساتھ ریڈیالوجی کے مختلف ٹیسٹوں کی فیسیں بھی پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر طے کی گئی ہیں۔ کابینہ نے یہ فیصلہ اپنے 40ویں اجلاس میں منظور کیا تھا۔
محکمہ صحت نے ریٹ فکسنگ کمیٹی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ حالات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مقررہ نرخوں کا ازسرنو جائزہ لے، تاکہ صوبے میں ٹیسٹوں کی قیمتوں میں شفافیت اور یکسانیت برقرار رہے۔








