ہنگو: بم دھماکے میں ایس پی آپریشن سمیت 3 اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ایس پی آپریشن اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔

حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے بلیامینہ میں واقع غلمینہ چیک پوسٹ کو دھماکے سے اڑا دیا۔ چیک پوسٹ اس وقت خالی تھی، اس لیے ابتدائی طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ڈی ایس پی امجد حسین کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی آپریشن اسد زبیر بھاری پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے۔ تاہم راستے میں ان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایس پی آپریشن سمیت تین اہلکار شہید جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے فوری رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے امن و امان کی صورتحال پر اپیکس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملوث عناصر کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا،بزدلانہ حملے سی ٹی ڈی اور پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے.

سہیل آفریدی نے شہید ایس پی اور اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، امن کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے شہید اہلکاروں کے ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں