پاک افغان سرحد پر مختلف مقامات پر جھڑپیں، افغان جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج کا مؤثر جواب

پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے مختلف مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور اور مؤثر طریقے سے جواب دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان فورسز نے ضلع کرم میں شام کے وقت ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

عسکری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ افغان افواج نے انگور اڈہ، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بلوچستان کے بارام چاہ کے علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کی ہے اور متعدد افغان چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

کرم میں سرحد کے قریب موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دونوں جانب سے بھاری اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے جس میں اب تک دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلع کرم میں مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طرف سے ضلع کرم پر تین مختلف سمتوں سے حملے کیے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال پاڑہ چنار کے ایک ڈاکٹر کے مطابق ایک زخمی کو اسپتال لایا گیا تھا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بلوچستان کے ضلع چاغی کے سرحدی علاقے بارامچہ میں بھی پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں