جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ کے علاقے خیسورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مقامی صحافی اور سماجی کارکن آتش محسود شدید زخمی ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھی عید نواز موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق نوجوان عید نواز کا تعلق خیسورہ سے تھا اور وہ محسود جوانان اتحاد کے صدر تھے۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد ان کی میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔
زخمی آتش محسود کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق آتش محسود کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
واقعے پر ڈی پی او جنوبی وزیرستان اپر، ارشد خان نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ آتش محسود خود گاڑی چلا رہے تھے جب راستے میں گھات لگائے حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی اور ان کا ساتھی عید نواز جاں بحق ہو گیا۔
پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن متوقع ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جان کے مطابق آتش محسود کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ادھر جنوبی وزیرستان لوئر سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی نور علی وزیر نے زخمی صحافی کی عیادت کے لیے اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں سے ملاقات کر کے آتش محسود کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی۔ اسپتال انتظامیہ نے مکمل تعاون اور خصوصی توجہ کی یقین دہانی کرائی۔