جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سرویکئی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرکل 3 اکتوبر 2025 کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنےکا اعلان کیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس دوران علاقے میں ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ تمام بازار اور تجارتی مراکز بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ قندہاری تا سپلاتوئی اور بروند تا مولے خان سرائے سمیت مخصوص راستوں پر آمد و رفت سختی سے ممنوع ہوگی۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں پولیس یا سیکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت کے بعد، شناختی کارڈ اور متعلقہ دستاویزات جمع کروا کر نقل و حرکت کی اجازت لی جا سکتی ہے۔
مزید احتیاطی تدابیر کے تحت شہریوں سے کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں دیکھنے پر اپنی گاڑیاں کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر سڑک سے نیچے اتار لیں، تاکہ کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے کرفیو کے دوران مکمل تعاون کریں اور تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
دوسری جانب سب ڈویژن سروکئی کے میئرشاہ فیصل غازی نے کہا ہے کہ تحصیل سرویکئی میں بروند سے مولے خان سرائے تک گزشتہ 4 دنوں سے مسلسل کرفیو نافذ ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام کاروباری مراکز مکمل بند ہیں اور مقامی لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔
شاہ فیصل غازی نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ فوری طور پر کرفیو ختم کر کے عوام کی مشکلات دور کی جائیں۔