پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں 3,086 لیکچررز کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں کیا گیا، جس کا مقصد محکمۂ اعلیٰ تعلیم میں تدریسی عملے کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنا ہے۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کابینہ نے ان بھرتیوں کی باقاعدہ منظوری دی ہے، جو بانی چیئرمین عمران خان کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کے وژن کا عملی اظہار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کی جامعات کو مالی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے گرانٹس میں “ہزار گنا” تک اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ تعلیمی ادارے بہتر طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ ان بھرتیوں سے ایک جانب نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، تو دوسری جانب طلبہ کو معیاری اور تعلیم یافتہ تدریسی عملہ دستیاب ہو سکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں سرکاری ملازمتوں میں بی اے کی شرط رکھی گئی ہو، وہاں اب ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز کو بھی درخواست دینے کا حق حاصل ہوگا۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اشتہارات میں ایسوسی ایٹ ڈگری کو بطور اہلیت شامل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔