جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے وچہ خواڑہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنرجنوبی وزیرستان اپر عصمت اللہ وزیر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ندی نالے میں پڑی ہوئی ایک مشتبہ چیز کو شہریوں نے ہاتھ لگایا جس کے نتیجے میں دھماکہ ہو گیا۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت خان بوز اور حجرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مقامی پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے کر رہے ہیں۔
مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کو بارودی مواد سے مکمل طور پر صاف کیا جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔