پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے جنوبی وزیرستان میں جاری موبائل سروس کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کے فوری خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن آصف محسود کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ایوان نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ موجودہ دور میں موبائل سروس نہ صرف عوامی رابطے بلکہ تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہو چکی ہے۔ جنوبی وزیرستان کے عوام طویل عرصے سے رابطے کے اس بنیادی حق سے محروم ہیں، جس سے ان کے روزمرہ امور اور تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
ایوان نے مطالبہ کیا کہ حکومت جنوبی وزیرستان میں فوری طور پر موبائل نیٹ ورک کی بحالی کو یقینی بنائے تاکہ وہاں کے شہری بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھ لیں :افغانستان زلزلہ متاثرین کا علاج ،خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد منظور
قرارداد کو تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہوئی اور اسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔