ضلع دکی سے اغوا ہونے والے 7 کان کن رہا ہوگئے

بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کانوں سے اغواء ہونے والے سات مزدور 38 دن بعد رہا ہوگئے۔

دکی میں کول مائنز ایریا سے 23 مارچ کو اغواء ہونے والے مزدوروں کو اغواء کاروں نے جھالار کے پہاڑی علاقے میں چھوڑ کر رہا کردئیے ہیں۔

نیشنل لیبر فیڈریشن کے ضلعی صدر امبر خان سواتی کے مطابق اغواء ہونے والے سات مغوی کانکنوں کو کالعدم تنظیم بی ایل اے کے نام سے مسلح اغواء کاروں نے 23 مارچ کو مختلف کوئلہ کانوں سے اغواء کرکے لے گئے تھےجنہیں اغواء کاروں نے آج ازخود رہا کردئیے ہیں۔

رہا ہونے والے مزدوروں کے متعلق یہ معلوم نہ ہوسکا ہے کہ انہیں کس بنیاد پر رہا کیا گیا ہے ۔

اغواء ہونے والے مزدورں میں جوہر خان قوم، شاہ خان اور باچا خان، غفور باتوزئی،یمایوں جلالزئی ،شکور میرزئی اور قائم شیخ شامل تھے۔

مغوی مزدوروں میں سے چار کا تعلق ضلع قلعہ سیف اللہ سے، دو کا تعلق خیبر پختونخوا جبکہ ایک کا تعلق ضلع دکی سے ہے۔