بلوچستان کے ضلع پنجگور میں مسلح افراد نے ایک گھر میں سوئے ہوئے سات مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کردیا ۔
ایس پی پنجگور فاضل شاہ بخاری نےمیڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ سنیچر کی شب پنجگور کے علاقے خدابدان کے محلہ عبدالرحمان میں پیش آیا جہاں مزدوروں کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ سوئے ہوئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مزدور دن کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں تعمیراتی کام کرتے تھے اور رات کو یہاں آکر ایک گھر کے قریب کُھلے میدان میں سو جاتے تھے۔
ایس پی کے مطابق حملے میں سات مزدور ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ہے۔ مجموعی طور پر نو مزدور یہاں رہائش اختیار کیے ہوئے تھے، تاہم ان میں سے ایک مزدور بچ گیا کیونکہ وہ حملے کے وقت وہاں موجود نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مزدوروں کی نعشوں اور زخمی مزدور کو پنجگور کے سرکاری ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
فاضل شاہ بخاری کے مطابق نشانہ بننے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب کے ضلع ملتان اور اطراف کے علاقوں سے تھا۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں اس سے قبل بھی پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد اور مزدوروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آچکے ہیں تاہم حالیہ دنوں کے دوران ان میں اضافہ ہوا ہے۔اگست میں ضلع موسیٰ خیل، کچھی، مستونگ، قلات اور لسبیلہ میں عسکریت پسندوں نے بیک وقت حملہ کرکے 40 سے زائد افراد کو قتل کردیا تھا۔