شمالی وزیرستان،میرعلی میں گاڑی پر فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق

میرعلی : خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ ایپی گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں ایک فیلڈر گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

افسوسناک واقعے کے بعد حملہ آوروں نے گاڑی پر پٹرول چھڑک کر آگ بھی لگا دی، جس سے لاشیں بری طرح جھلس گئیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملے کے بعد ملزمان فرار ہو گئےجبکہ لاشوں کو شناخت کے لیے میرعلی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تاحال مقتولین کی شناخت نہیں ہو سکی، تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق مبینہ طور پر ایک مقامی امن کمیٹی سے تھا۔

پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں