اسلام آباد:قومی احتسا ب بیور(نیب)کے قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس ہو گیا جبکہ سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس واپس لے لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ سکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔
رہنما تحریک انصاف بابر اعوان نے کہا کہ ملک میں احتساب کا جنازہ نکل گیا اور 95 فیصد مقدمات ختم ہو گئے جن میں بڑے بڑے لوگ شامل تھے۔
پنجاب اور سندھ کے گھرانوں کو کس طرح فائدہ دیا گیا؟ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ والے کہتے تھے ہم مہنگائی ختم کرنے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں لیکن 1995 سے پہلے کے جرائم ختم کر دیئے گئے اور 2 ہزار 400 ارب روپے معاف کر دیئے گئے۔