ضلع بنوں کی تحصیل ڈومیل میں گزشتہ شب تھانے پر ہونے والے خودکش حملے میں خواتین اور بچوں سمیت پانچ عام شہری شہید اور 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق شہداء میں ایک دو سالہ بچہ اور 17 سالہ لڑکی بھی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں سات خواتین، دو پولیس اہلکار اور نو سال تک کی عمر کے بچے شامل ہیں۔
واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شہید ہوئے ہیں جن میں ڈاکٹر نقیب اللہ، ان کی اہلیہ، بیٹا طفیل سبحان اور بیٹی صدف شامل ہیں۔
خودکش دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں تھانے کے قریب واقع دو گھر مکمل طور پر زمین بوس ہو گئے جبکہ قریبی عمارتوں اور دکانوں کے دروازے، کھڑکیاں اور شیشے بھی ٹوٹ گئے۔








