پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے 41 سینئر افسران کے تبادلے اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فضل وحید کو جو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میں تعیناتی کے منتظر تھے ڈی ای او (میل) باجوڑ تعینات کیا گیا ہے۔ محمود غزنوی کو چترال لوئر سے چترال اپر، جبکہ مفتاح الدین کو چترال اپر سے چترال لوئر تبادلہ کیا گیا ہے۔ دونوں کے درمیان یہ تبادلہ باہمی رضامندی سے ہوا۔
محمد اشرف کو اپر کوہستان سے تورغر، حیات خان کو اورکزئی سے اپر کوہستان، اور محمد ریاض کو سوات سے مردان تعینات کیا گیا ہے جبکہ زاہد محمد کو مردان سے کوہستان کے علاقے کولائی پالس بھیج دیا گیا ہے۔
کولائی پالس میں تعینات شیراز احمد کو ڈائریکٹوریٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر (اسٹیبلشمنٹ-میل) بنایا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر محمد اقبال کو ڈی ای او (میل) سوات تعینات کیا گیا ہے۔
ہدایت اللہ اور مشتاق احمد، جو تعیناتی کے منتظر تھے کو بالترتیب مانسہرہ اور شمالی وزیرستان بھیجا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں گل فراز کو اضافی ذمہ داری سے فارغ کیا گیا ہے۔
نوشہرہ میں تعینات شاہ جہان اور تورغر کے عبد الرحمان کو ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کی جگہ زاہد حسین کو نوشہرہ اور محمد فاروق کو اورکزئی تعینات کیا گیا ہے۔
محمد ادریس ایڈیشنل ڈائریکٹر (پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ)، اور ناہید انجم، ایڈیشنل ڈائریکٹر (اسٹیبلشمنٹ-فی میل) برائے ضم شدہ اضلاع کو بھی نئی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ناہید انجم کو اب ایڈیشنل ڈائریکٹر (P&D) کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔الیاس خان کو ڈی ای او (میل) دیر لوئر، اور ان کی جگہ عنایت اللہ کو واپس ڈائریکٹوریٹ میں بھیجا گیا ہے۔
عبدالصمد جان کو دیر اپر کا نیا ڈی ای او بنایا گیا ہے جبکہ لیاقت علی کو لکی مروت میں تعیناتی دی گئی ہے۔
خواتین افسران میں، زہرہ اخون زادہ کو ایڈیشنل ڈائریکٹر (اسٹیبلشمنٹ-فی میل) برائے ضم شدہ اضلاع، سعدیہ عزیز کو ڈی ای او (فی میل) ملاکنڈ، اور رابعہ انیس کو ڈی ای او (فی میل) دیر لوئر مقرر کیا گیا ہے۔
نرگس جبین کو ڈی ای او (فی میل) لکی مروت، اور زب النساء کو کرم سے ہنگو، جبکہ عابدہ پروین کو کرم میں تعینات کیا گیا ہے۔طاہرہ جبین کو ڈی ای او (فی میل) بونیرتعینات کیا گیا ہے اور شمینہ افتخار کو شانگلہ میں پروین رحمان کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔
غلام فاطمہ کو جنوبی وزیرستان اپر سے جنوبی وزیرستان لوئر منتقل کیا گیا ہے۔ غزالہ انجم کو چترال اپر سے جنوبی وزیرستان اپر بھیجا گیا ہے، جبکہ گل فرزانہ کو ڈی ای او کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
شمالی وزیرستان میں انیقہ ہما کو ڈائریکٹوریٹ واپس بلایا گیا ہےاور حلیمہ سعدیہ کو ان کی جگہ ڈی ای او (فی میل) شمالی وزیرستان تعینات کیا گیا ہے۔
کوہستان اپر اور لوئر میں نائب ڈی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والی عفت جبین اور ساجدہ سخی کو ان ہی اضلاع میں ڈی ای او (فی میل) کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
تمام افسران کو فوری طور پر نئی تعیناتیوں پر چارج سنبھالنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔