باجوڑ میں منشیات فروشوں سے تعلق کے الزامات پر 34 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق معطل کیے گئے اہلکار منشیات فروشوں سے پیسے وصول کرنے اور دیگر مشکوک روابط میں ملوث پائے گئے تھے۔
ڈی پی او باجوڑ نے بتایا کہ ان پولیس اہلکاروں کی سرگرمیوں پر طویل عرصے سے خفیہ نگرانی کی جا رہی تھی، جس کے بعد شواہد سامنے آنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں یہ بات ثابت ہوئی کہ بعض اہلکار منشیات فروشوں کی سہولت کاری میں بھی ملوث تھے۔
وقاص رفیق نے مزید بتایا کہ پولیس فورس کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ بھی منشیات فروشوں سے تعلق کے الزام میں 6 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا۔
ڈی پی او باجوڑ کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔









