جنوبی وزیرستان لوئر: سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 3 اہلکار اور 2 خواتین سمیت 3 شہری جاں بحق

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے رغزائی میں سیکیورٹی فورسز کی بم ڈسپوزل (بی ڈی) ٹیم پرعسکریت پسندوں کی فائرنگ اورجھڑپ میں تین سیکیورٹی اہلکار اور دو خواتین سمیت 3 شہری جاں بحق ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بی ڈی ٹیم معمول کے گشت پر تھی جب مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

عسکریت پسندوں کےحملے میں سپاہی بلال، سپاہی بہادر اور نائیک قمر شہید ہو گئے جبکہ سپاہی راشد، عمیر اور ابوبکر زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر وانا کے ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک مسافر گاڑی بھی زد میں آ گئی، جس پر مبینہ طور پر راکٹ لانچر کا گولہ آ گرا، جس کے نتیجے میں تین شہری جس میں دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں جان کی بازی ہار گئے،کچھ مقامی افراد زخمی بھی ہوئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے حملے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں