کوئٹہ میں 3 بھائیوں کا قاتل ان کا اپنا بھائی نکلا ،ملزم کا اعتراف جرم

کوئٹہ:پولیس نے تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ شب ریلوے کالونی میں قتل ہونے والے ڈاکٹر ناصر اچکزئی کے تین بیٹوں کا قاتل انہی کا بیٹا ہے جسے گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا ہے ۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق قتل میں ملوث ملزم قیس نے اپنے تینوں بھائیوں کو اپنے کزن سے لیے گئے پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔

پولیس نے واقعہ میں بچ جانے والے دو افرا د ڈاکٹر ناصر اچکزئی کے بیٹے قیس اور ذاتی ملازم اسفند سے تفتیش کیا۔تفتیش کے دورا ن ملزم قیس نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ذاتی عناد اور جائیداد کے لالچ میں اپنے بھائیوں کو قتل کیا ہے۔

پولیس کے مطابق واردات کے بعد ملزم قیس یہ سمجھ گئے تھے کہ ملازم اسفند بھی فائرنگ سے جاں بحق ہوچکے ہیں کیونکہ انہوں نے آنکھیں بندکی ہوئی تھی لیکن لوگوں کا شور سننے کے بعد وہ گاڑی سے باہر آگئے ۔

ملازم اسفند کے مطابق انھیں ملزم نے ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دھمکیاں دی کہ اگر انہوں نے اصل صورتحال سے متعلق کسی کو بتایا تو انھیں بھی اس طرح قتل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چمن سے تعلق رکھنے والے آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر ناصر اچکزئی کی فیملی شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد جوائنٹ روڈ پر واقع ریلوے ہاﺅسنگ سوسائٹی واپس آرہی تھی کہ گھات لگائے حملہ آورنے گھر کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر ناصر اچکزئی کے تین بیٹے 20 سالہ موسیٰ زریان، 18 سالہ صدران اور 8 سالہ بیٹا زرنگ موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے۔