بھارت کے حملے میں ملک بھر میں خواتین اور بچوں سمیت 26افراد شہید، 46 زخمی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں ملک بھر میں 26 پاکستانی شہید اور 46 زخمی ہو چکے ہیں۔

بھارت نے چھ مختلف مقامات پر 24 حملے کیے، جن کا مقصد نہتے شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نےکہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا ہے، پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق احمد پور ایسٹ کے علاقے میں مسجد سبحان کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، جہاں چار میزائل حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں ایک تین سالہ بچی، دو خواتین اور دو مرد شہید ہوئے، جبکہ 31 افراد زخمی ہیں۔ انہوں نے ان حملوں کو ’’بزدلانہ اور غیر انسانی‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ بھارت کا مقصد معصوم شہریوں میں خوف پھیلانا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دیا ہے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں رافیل، مگ 29 اور SU-30 طیارے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی فوج کے ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اور کسی بھی حملے کو بغیر جواب کے نہیں چھوڑا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گا اور دشمن کو اس بزدلانہ کارروائی کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں