بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلے کی کانوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گذشتہ شب ٹرائیبل کول مائنز ایریا میں پیش آیا۔
واقعے کے بعد لاشوں اور زخمی مزدور کو سول ہسپتال دکی منتقل کردیا گیا۔
فائرنگ سے جاں بحق مزدورں کی شناخت کریم اللہ دولت زئی اور نعیم کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمی کا نام فضل الرحمن بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب کوئلے کی کانوں پر کام کرنے والے مزدورں نےلاشوں کے ہمراہ احتجاجی ریلی نکالی گئی۔مظاہرین نے لاشیں ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے رکھ کر دھرنا شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع دکی میں کوئلے کی کانوں پر کام کرنے والے مزدوروں اور کوئلے لے جانے والی گاڑیوں پر حملوں میں گذشتہ چند ماہ میں اضافہ ہوا ہے۔
21 مئی کوضلع زیارت کے علاقے سنجاوی میں کوئلے سے بھرے ٹرکوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ڈرائیور جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے تھے۔حملہ آور وں نے فائرنگ کے بعد ٹرکوں کو آگ لگادی اور 4 ڈرائیوروں کو اغواکرلیا۔مذکورہ گاڑیاں دکی سے پنجاب جارہی تھی۔