جنوبی وزیرستان اپرکی تحصیل سروکئی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکارشہید ہوگئے۔
سیکیورٹی زرائع کے مطابق جمعہ کے روز سروکئی کے علاقے تانگہ سپلاتوئی میں دہشت گردوں کی جانب سے ایف سی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایاگیا۔
دھماکے سے گاڑی میں موجود دو ایف سی اہلکاربنارس خان اور عبدالکریم شہید ہوگئے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ اپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع خیبرکے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
بیان کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہوا۔