خادم خان آفریدی/محمدبلال یاسر
حالیہ طوفانی بارشوں اور برف باری نے ضلع خیبر اور باجوڑ میں تباہی مچادی، خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ضلع خیبر میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ جس میں دو خواتین اور چار بچے شامل ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ صبح سویرے ضلع کے دور آفتادہ علاقہ بازار ذخہ خیل گل محمد نامی شخص کے گھر پر پیش آیا جہاں بوسیدہ مکان کی چھت گرگئی جس کے باعث محوہ خواب ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت میتوں کو ملبے سے نکال لیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں 4 بچے اور دو خواتین شامل ہے۔
گزشتہ تین روز سے جاری بارشوں اور برف باری کے باعث مکان بوسیدہ ہوگیا تھا، مقامی عمائدین نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے سے ایمرجنسی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب باجوڑ میں چار روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں مکانات کے گرنے کے واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
اتوار کے روز تحصیل خار کے علاقے شینکوٹ ڈاگ میں مکان کی چھت گرنے سے محمود جان نامی شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل تحصیل ماموند کے علاقے غاخی میں بارشوں سے مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے ۔تحصیل ارنگ باڈو میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہوگئے ہیں۔
تحصیل ماموند کے علاقے موخہ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچی زخمی ہوگئی جبکہ ہیڈ کوارٹر خار میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
نو منتخب ایم پی اے ڈاکٹر حمید الرحمان نے واقعات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور تحصیلدار کے قیادت میں امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کے طرف روانہ کردی ۔
ڈاکٹر حمید نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے جاں بحق افراد کے ورثاء کو تین تین لاکھ روپے فی کس امداد دیا جائیگا ۔ ضلعی انتظامیہ نے ضلع بھر میں بارشوں سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے باقاعدہ کمیٹیاں تشکیل دی ہے ۔
باجوڑ میں بارشوں سے جانی نقصانات کے علاوہ 40 سے زائد مکانات کو بھی مکمل طور پر جبکہ کچھ کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔