شمالی وزیرستان: غلام خان میں گھر پر مارٹر گولا گرنے سے دو بچے شہید، 3 زخمی ہوگئے

شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے غلام خان میں مکان پر مارٹر گولہ گرنے سے دو بچے شہید اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کی رات 9 بجے کے قریب تھانہ غلام خان کی حدود میں واقع گاؤں گل لک خیل میں پیش آیا جہاں نامعلوم سمت سے آنے والا گولہ ایک گھر پر آ گرا۔

واقعے میں ایک بچہ موقع پر ہی شہید ہو گیا جبکہ چار زخمی بچوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میرانشاہ منتقل کیا گیا جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد دو ہو گئی۔

شہید ہونے والے بچوں کی شناخت بارہ سالہ نور ولی اور دس سالہ مطیع اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں چھ سالہ ایمان اللہ، بارہ سالہ فتح اللہ اور دس سالہ شفیع اللہ شامل ہیں جو اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر پاک اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں