خیبرپختونخوا حکومت کا کل 16 مئی کو سرکاری سطح پر یوم تشکر منانے کااعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے افواج پاکستان کے اعزاز میں کل 16 مئی بروز جمعہ سرکاری سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان کیا ہے ۔

ڈے آف تھینکس کے ذریعے افواج پاکستان کو ان کی بہادری پر خراج تحسین پیش کی جائے گی اور اس مناسبت سے سرکاری سطح پر مختلف قسم کے تقریبات کا انعقاد کیا جائے،تمام سرکاری دفاتر اور سکولوں میں پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائےگی ۔

محکمہ انتظامی امور خیبرپختونخوا نے تمام انتظامی سیکرٹریز ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزاور دیگر متعلقہ حکام کے نام مراسلہ جاری کردیاہے۔

مراسلے میں کہا گیاہے کہ16 مئی بروز جمعہ افواج پاکستان کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے قومی خودمحتاری کی حفاظت کی۔

مراسلے میں کہا گیاہے کہ دشمن کو شکست دینے پر فوج کے ساتھ پاکسانی عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیاجاتاہے جنہوں نے اتحاد اور حب الوطنی کا جذبہ دکھایا۔

مراسلے کے ساتھ تقریبات کی فہرست بھی تمام انتظامی سیکرٹریز کو ارسال کی گئی ہے جس کے تحت طلوع آفتاب کے وقت سرکاری عمارتوں اور سرکاری اداروں میں رسمی پرچم کشائی کی جائے گی ،صوبہ بھر کی بڑی مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی، ملک کی سلامتی،اور شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی جائے گی۔

اس کے علاوہ محکمہ اوقاف کے ساتھ کوآرڈینیشن کے ذریعے جمعہ کے خطبات میں قومی اتحاد پر بات کی جائے گی، خیبرپختونخوا کے تمام تعلیمی اداروں، سکولوں اور کالجوں میں خراج تحسین پیش کرنے کا اہتمام کرنا کیاجائے اور قومی ترانہ پیش کرنے کے ساتھ پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائے گی جبکہ قومی اتحاد پر مضمون نویسی کے خصوصی مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

ملک کے لئے قربانی دینے والے شہداءکی یادگاروں اور قبروں پر پھول چڑھائے جائینگے ،نشان حیدر حاصل کرنے والوں اور دیگر بڑے قومی شخصیات سے منسلک مقامات پر خراج تحسین کا اہتمام کیا جا سکتا ہے۔

تمام دفاتر اور ادارے قوم کی خدمت کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر ینگے۔