وزیراعظم کا ضم شدہ قبائلی اضلاع کےلئے بجٹ میں خصوصی ترقیاتی منصوبے شامل کرنےکافیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے بجٹ میں خصوصی ترقیاتی منصوبے شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔

وزیراعظم شہباز سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیرساجد حسین طوری، ممبران قومی اسمبلی محسن داوڑ اور مولانا جمال الدین شامل تھے ۔ملاقات میں وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، اور متعلقہ اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کےضم شدہ اضلاع کے لوگوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو بجٹ کے حوالے سے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل کےحل کیلئے اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں پر تجاویز دیں۔وزیراعظم نے ان تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان پر مشاورت کرکے انہیں بجٹ میں شامل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔