پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے فائنل میں لاہور قلندرز نے کپتان شاہین آفریدی کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت ملتان سلطانز کو شکست دیدی۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا۔
لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق 65، فخر زمان 39 اور شاہین آفریدی نے برق رفتار 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی نے 5 چھکے اور 2 چوکے بھی لگائے۔
ملتان کی جانب سے اسامہ میر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔ رلی روسو 52 ، رضوان 34 اورخوشدل شاہ 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔
لاہور کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔راشد خان نے دو جبکہ ڈیوڈ ویسا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے, اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ بھی دو بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکی ہے۔ ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایک ایک بار ایونٹ جیت چکےہیں۔