جنوبی وزیرستان: وانا فائرنگ کا ایک زخمی ہسپتال میں دم توڑ گیا

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا کے گاؤں ڈوگ میں مسلح افراد نے ایک گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ڈی ایس پی اصغر علی شاہ کے مطابق متاثرہ شہری، محمد خالد اور نور غلام اپنی گاڑی میں سوار ہو کر گھر جا رہے تھے کہ ڈوگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں موجود دونوں افراد گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔

واقعے کے فوراً بعد مقامی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔

فائرنگ میں زخمی خالد خان کو تشویشناک حالت میں ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا تاہم وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ۔مقامی زرائع کے مطابق خالدخان ملا نزیر گروپ کے سابق کمانڈر تھے ۔

ڈی ایس پی اصغر علی شاہ نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کی ابتدائی رپورٹ درج کر کے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور واقعے کے محرقات و ملزمان کی نشاندہی کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔