جنوبی وزیرستان اپر ، کمرے کی چھت گرنے سے میاں بیوی دو بچوں سمیت جاں بحق

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام بنگے والا میں گزشتہ شب مکان کے کمرے کی چھت اچانک زمین بوس ہونے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ رات کے آخری پہر اس وقت پیش آیا جب اہل خانہ کمرے میں سو رہے تھے۔ حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں واجد اللہ، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ واجد اللہ علاقے کی معروف شخصیت ملک راپا خان شمن خیل کے پوتے تھے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سراروغہ پولیس اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے تلے دبے تمام افراد کو باہر نکالا۔

ایس ایچ او سراروغہ نیاز محمد کے مطابق تمام جاں بحق افراد کی لاشیں ملبے سے نکال کر ضروری قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔