شمالی وزیرستان:اسکول ٹیچر کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عیدک قوم کا احتجاج ،بنوں میرانشاہ روڈ بلاک کردی

وہاب وزیر
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کےعلاقےعیدک میں دو دن قبل نامعلوم افراد کے ہاتھوں ایک مقامی اسکول ٹیچر کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف عیدک قوم کے جرگے نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بنوں میرانشاہ مین روڈ کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔

سڑک کی بندش کے باعث دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسکول ٹیچر کے قتل کے واقعے نے مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے۔

عیدک قوم کے مشران اور عمائدین کا کہنا ہے کہ علاقے میں اساتذہ اور عام شہریوں کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے اور سیکیورٹی کی یہ مخدوش صورتحال اب ناقابل قبول ہو چکی ہے۔

مظاہرین اور عیدک جرگے نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقتول اسکول ٹیچر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں امن و امان کی بحالی سمیت تمام شہریوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

عیدک قوم کے مشران نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ جب تک امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جاتے اور قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا، تب تک بنوں میرانشاہ روڈ پر احتجاجی دھرنا اور سڑک کی بندش مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔